پیداواری اخراجات میں کمی کیلئے چینی صوبے کا صنعتیں پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ

764
China’s eastern province to relocate industries to Pakistan

اسلام آباد: پیداواری اخراجات میں کمی کیلئے چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ زیادہ افرادی قوت کی کھپت والی صنعتیں پاکستان منتقل کی جائیں گی۔

اس بات کا انکشاف پاکستان کے وزیر تجارت سید نوید قمر اور چین کی شان ڈونگ ژِن ژو گروپ کارپوریشن کے چیئرمین ہو جیان ژن کے مابین ایک حالیہ ملاقات میں ہوا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق چینی صوبے کی انتظامیہ کے مذکورہ فیصلے سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان میں انڈسٹریل پارک قائم کیا جائے گا جو دونوں ملکوں کے مابین تجارت کا بنیادی مرکز بنے گا اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کرے گا۔

چینی وفد نے پاکستانی حکام کو بتایا کہ انڈسٹریل پارک میں مسبقل قریب میں سولر پینلز اسمبلی پلانٹس، میٹل ریفائننگ پلانٹس، فرٹیلائزر پروڈکشن پلانٹس اور فوڈ پروسیسنگ پلانٹس میں سرمایہ کاری زیر غور ہے۔ مضبوط تجارتی اور معاشی تعلقات پاکستان اور چین کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: زرمبادلہ کے مسائل اور عدم ادائیگیوں پر سی پیک کول پاور پلانٹس کی بندش پر چین کو تحفظات

پاکستانی حکام نے چینی وفد اور صوبہ شان ڈونگ کی انتظامیہ کے پاکستان میں انڈسٹری منتقل کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ناصرف قومی زرمبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ روزگار کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیر تجارت سید نوید قمر نے پاکستان میں اپنے کاروبار منتقل کرنے کی خواہاں چینی کمپنیوں کو کہا کہ وہ جلد جامع تجاویز جمع کرائیں تاکہ ان کی تجاویز سرمایہ کاری بورڈ کو بھیجی جائیں۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان چینی کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین بارٹر ٹریڈ ماڈل برآمدات کو بڑھانے کیلئے مددگار ثابت ہو گا اور پاکستان کی کابینہ پہلے ہی اس کی منظوری دے چکی ہے۔

پاکستان بزنس کونسل کی تحقیق کے مطابق چین سے صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے بات چیت 2015ء میں سی پیک کے آغاز سے چل رہی ہے تاہم پاکستان اَب تک چینی کمپنیوں کو راغب کرنے میں ناکام رہا ہے۔ زیادہ تر کمپنیوں نے اپنے کاروبار کمبوڈیا، لائوس حتیٰ کہ ایتھوپیا میں منتقل کر لیے ہیں حالانکہ پاکستان کے مقابلے میں یہ مارکیٹیں چھوٹی ہیں اور لیبر کاسٹ زیادہ ہے۔

لیکن اس وقت پاکستان کو زرمبادلہ کے حوالے سے کافی مسائل کا سامنا ہے اور اگر ایسے وقت میں چینی صنعتیں پاکستان منتقل ہو جاتی ہیں تو اس سے پاکستان کا درآمدی بل کم ہو گا۔

پاکستان بزنس کونسل کی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بیجنگ اپنے زیادہ تر صنعتی یونٹ اس لیے بھی دوسرے ملکوں میں منتقل کر رہا ہے تاکہ یہ ’میڈ اِن چائنا‘ کا لیبل ہٹا کر امریکی غلبے والی مارکیٹوں میں بھی قدم جما سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here