نیویارک: امریکا میں ریگولیٹرز نے سیلیکون ویلی بینک (SVB) کی بندش کے بعد سِگنیچر بینک (Signature Bank) کو بھی بند کر دیا ہے جس کے بعد دونوں بینکوں کے صارفین کے اربوں ڈالرز کے ڈپوزٹس پھنس گئے ہیں۔
اتوار کو فیڈرل ڈپوزٹس انشورنس کارپوریشن نے سگنیچر بینک کا کنٹرول سنبھال لیا۔ ریاست نیویارک کے ڈیپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز کے مطابق مذکورہ بینک کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباََ 110 ارب ڈالر اور ڈپوزٹس 88 ارب 59 کروڑ ڈالر ہیں۔
اپنے ڈپوزٹس کے حوالے سے پریشان دونوں بینکوں کے کسٹمرز کیلئے امریکی محکمہ خزانہ اور دیگر فنانشل ریگولیٹرز کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ٹیکس دہندگان کو کوئی نقصان نہیں ہو گا اور ان کا سارا پیسہ انہیں واپس مل جائے گا۔‘
شرح سود میں اضافے اور کسٹمرز کی جانب سے بہت زیادہ پیسہ نکلوالنے کی وجہ سے گزشتہ جمعہ کو سیلیکون ویلی بینک بند ہو گیا تھا، یہ 2008ء میں واشنگٹن میوچل کی بندش کے بعد امریکی تاریخ میں کسی بینک کی دوسری بڑی ناکامی ہے۔
سٹارٹ اپس اور ٹیک کمپنیوں کو قرضے دینے کے لیے مشہور سیلیکون ویلی بینک امریکی قرض دہنگان میں 16ویں نمبر پر تھا تاہم گزشتہ کچھ ہفتوں سے کسٹمرز کی جانب سے تیزی سے اپنے ڈپوزٹس نکلوانے کی وجہ سے اس کے انویسٹرز پریشان تھے۔
گزشتہ صرف ایک ہفتے میں ایس وی پی سمیت دیگر بینکوں سے تقریباََ 100 ارب ڈالر نکلوائے گئے جس نے انویسٹرز کے بینکنگ سیکٹر پر اعتماد کو متاثر کیا اور بینکنگ ریگولیٹرز کو بھی متوجہ کر دیا کہ وہ صورت حال کا نوٹس لیں۔
فیڈرل ڈپوزٹس انشورنس کارپوریشن نے عارضی طور پر دونوں بینکوں کا کنٹرول ایک ’برج بینک‘ (bridge bank) کو دے دیا ہے تاکہ کسٹمرز اپنے ڈپوزٹس تک رسائی حاصل کر سکیں۔ امریکا کی وفاقی حکومت نے بھی کسٹمرز کے ڈپوزٹس کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔