اسلام آباد: نیسلے پاکستان نے سال 2022ء کے اختتام پر اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ 15 ارب روپے منافع کمایا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے نیسلے پاکستان کی سیلز 22 فیصد بڑھ کر 163 ارب روپے ریکارڈ کی گئیں۔
کمپنی کا گراس پرافٹ سال 2021ء کے مقابلے میں 23 فیصد اضافے سے 49 ارب 60 کروڑ روپے اور ٹیکس ادائیگی سے قبل منافع 27 فیصد اضافے سے 22 ارب 80 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔
ٹیکس ادائیگی کے بعد نیسلے پاکستان کے منافع میں بھی 18 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 15 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اس کی تاریخ کا سب سے زیادہ منافع ہے۔
اس سے قبل کمپنی کو 2017ء میں سب سے زیادہ 14 ارب 60 کروڑ روپے بعد از ٹیکس منافع ہوا تھا۔
ٹیکس ادائیگی کے بعد منافع میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کی فی شئیر آمدن بھی 18 فیصد بڑھ کر 331.86 روپے فی شئیر ریکارڈ کی گئی۔
کمپنی نے شئیر ہولڈرز کیلئے 95 روپے فی شئیر فائنل کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل شئیر ہولڈرز کو 240 روپے عبوری کیش ڈیویڈنڈ دیا گیا تھا۔
نیسلے پاکستان کے 61.6 فیصد شئیرز سوئس کمپنی ’سوسائٹی ڈِس پروڈکٹس نیسلے‘ کے پاس ہیں جبکہ 9.75 فیصد آئی جی آئی انویسٹمنٹس اور 8.05 فیصد پیکجز لمیٹڈ کی ملکیت ہیں۔ کمپنی کا 78.5 فیصد پورٹ فولیو ڈیری پروڈکٹس اور 21.5 فیصد بیورجز پر مشتمل ہے۔