لاہور: پاکستان میں خواتین کے پہلے فن ٹیک سٹارٹ اپ ’اڑان‘ کا دعویٰ ہے کہ اسے 30 لاکھ ڈالر کی سیڈ فنڈنگ مل گئی ہے، یہ ملک میں خواتین کی جانب سے شروع کیے گئے سٹارٹ اَپ کی سب سے بڑی سیڈ فنڈنگ ہے۔
اڑان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فنانسنگ رائونڈ مشترکہ طور پر کیپٹل اینڈ ویومیکر پارٹنرز کی زیر قیادت طے پایا جبکہ ریزولیوشن وینچرز، آئی 2 آئی وینچرز (i2i Ventures)، ہسل فنڈ (Hustle Fund)، ہیٹو گلوبل (Haitou Global) اور پلگ اینڈ پلے بھی اس میں شریک ہوئے۔
اڑان کو 30 لاکھ ڈالر کی سیڈ فنڈنگ وینچر کمپنی ’Tharros‘ سے حاصل ہوئی، یہ وہی وینچر کمپنی ہے جو اس سے قبل بائیکیا، زین کیپٹل اور گراف وینچرز میں بھی سرمایہ کاری کر چکی ہے۔
اڑان کی بنیاد 2018ء میں سابق انویسٹمنٹ بینکر حلیمہ اقبال اور ڈیزائن سٹریٹجسٹ فروا ٹپال نے رکھی تھی اور اس سٹارٹ اپ کا مقصد خواتین کو مالیاتی خدمات مثلاََ کریڈٹ، انشورنس اور بچت سکیموں تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے اڑان کی بانی اور سی ای او حلیمہ اقبال کہتی ہیں’ہم نے محسوس کیا کہ ملک کی اکثریتی آبادی کیلئے بیشتر فنانشل سروسز کا حصول کافی مشکل ہے، اس کی وجہ سادہ سی ہے کہ مذکورہ سروسز آبادی کے اس حصے کیلئے بنائی ہی نہیں جاتیں، یہی چیز اڑان کا محرک بنی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین بھی کریڈٹ، انشورنس اور بچت سکیموں سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں لیکن ایسی پروڈکٹس کی پیچیدگی اور ان کے بارے میں غیریقینی کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار رہتی ہیں، تاہم اڑان کے پلیٹ فارم سے خواتین کی ان مشکلات کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
’اڑان کمیٹی‘ اس سٹارٹ اپ کی فلیگ شپ پروڈکٹ ہے، یہ روٹیٹنگ سیونگ اینڈ کریڈٹ ایسوسی ایشنز (ROSCAs) کا ڈیجیٹل تصور ہے، اڑان ایپ استعمال کرتے ہوئے صارفین اپنی ضرورت کے مطابق کمیٹی کیلئے سائن اَپ کر سکتے ہیں اور اپنے جغرافیائی اور سماجی نیٹ ورک سے باہر کے لوگوں کے ساتھ بھی کمیٹی ڈال سکتے ہیں۔
اڑان کا دعویٰ ہے کہ اس کے پلیٹ فارم پر دس ہزار صارفین موجود ہیں جن میں سے 84 فیصد خواتین ہیں جن کا تعلق پاکستان کے 170 شہروں سے ہے، اڑان کمیٹی کے صارفین کی ماہانہ تعداد میں 28 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔