’عمران خان سڑکوں کے خلاف نہیں، کرپشن کے خلاف ہیں‘

اسلام آباد موٹروے کی لاگت 60 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی، آمدن محض 45 کروڑ روپے ہے، اس پر ڈائیوو کو دو ارب ڈالر محض سود کی مد میں ادا کئے ہیں،  وزیر اطلاعات فواد چوہدری

1005

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق ادوار میں کرپشن کو قانونی طریقے سے تحفظ فراہم کیا گیا، مسلم لیگ ن نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک ہزار کروڑ کے مہنگے معاہدے کئے، عمران خان سڑکوں کے خلاف نہیں، کرپشن کے خلاف ہیں۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد موٹر وے کی لاگت 60 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس سے کل آمدن 45 کروڑ روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سڑکوں کے خلاف نہیں، وہ کرپشن کے خلاف ہیں جو سڑکوں کے نام پر کی جاتی ہے، مسلم لیگ ن نے سڑکوں کے نام پر بہت بڑی کرپشن کی، جب لاہور اسلام آباد موٹر وے کا معاہدہ ہو رہا تھا، عین اسی وقت لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدے جا رہے تھے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے لوٹ مار کے ذریعے حاصل کیا جانے والا پیسہ ملک میں بھی نہیں لگایا گیا، یہ بیرون ملک منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موٹر وے پر ڈائیو کمپنی کو صرف دو ارب ڈالر ہم نے سود کی مد میں ادا کئے ہیں، موٹر ویز ضرور بننی چاہیں، سڑکوں کے بغیر ترقی کا تصور ہی نہیں لیکن مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں سڑکوں کی آڑ میں کرپشن کا کاروبار شروع کیا جس کی وجہ سے ملکی معیشت کمزور ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کا وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین مل کر کرپشن کریں گے تو پھر قومیں تباہ ہوتی ہیں، 1947ء سے 2008ء تک پاکستان کا قرضہ 6 کھرب تھا، آصف زرداری اور نواز شریف نے 2008ء سے 2018ء تک اس قرضے کو 27 کھرب تک پہنچا دیا، ہم نے تین سالوں کے دوران 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم جب بھی سابق ادوار کے بجلی، سڑکوں یا ترقی کے منصوبے دیکھتے ہیں تو کرپشن کا ایک پہاڑ سامنے آتا ہے، شریف اور زرداری خاندانوں نے پاکستان سے لوٹی گئی دولت بیرون ملک منتقل کی، شہباز شریف پر 25 ارب روپے کرپشن کا مقدمہ ہے، یہ رقم شہباز شریف کے ملازمین کے اکاﺅنٹس سے انہیں منتقل کی گئی، یہ وہ مقدمات ہیں جن میں لوٹی ہوئی رقوم کا ہمیں معلوم ہے، اس کے علاوہ لوٹی گئی رقوم کی ہمارے پاس معلومات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم قرضے واپس کرنے کیلئے مزید قرض لیتے ہیں تو اس سے ملک کی خودمختاری متاثر ہوتی ہے، مسلم لیگ ن نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک ہزار کروڑ کے مہنگے معاہدے کئے، یہی وہ مافیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی لڑائی ہے، آج پٹرول، سبزیاں، دالیں مہنگی ہونے کی وجہ یہی کرپشن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملم لیگ ن نے قانونی طریقے سے کرپشن کو تحفظ دیا، انہوں نے 1990 کی دہائی میں جب موٹروے کا معاہدہ کیا تو اسی وقت ہنڈی کے ذریعے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدنے کیلئے رقم بیرون ملک بھیجی، ہم اس کیس کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here