اسلام آباد: رواں مالی سال 2021-22ء کے پہلے مہینے کے دوران پاکستان نے مختلف ممالک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی خدمات کے فراہمی سے 19 کروڑ 59 لاکھ 90 ہزار ڈالر زرمبادلہ حاصل کر لیا۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے پہلے ماہ (جولائی) میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کی اسی مدت کے مقابلے میں آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں 20.22 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال آئی ٹی برآمدات کا حجم 16 کروڑ 30 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جولائی 2021ء کے دوران کمپیوٹر سے متعقلہ خدمات کی برآمدات 23.04 فیصد اضافے سے جولائی 2020ء کی 12 کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 15 کروڑ 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
رواں سال جولائی میں پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کی جانب سے 0.219 ملین ڈالر کے سافٹ وئیر دیگر ممالک کی کمپنیوں کو فروخت کیے گئے جو گزشتہ سال کے 0.41 ملین کے مقابلے میں 434 فیصد زیادہ ہیں۔
ہارڈ وئیر کی برآمدات تین کروڑ 86 لاکھ 51 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 39 فیصد اضافے سے پانچ کروڑ 38 لاکھ 30 ہزار ڈالر تک جا پہنچیں۔
جولائی 2021ء کے دوران ریپئیر اور مینٹی نینس سے متعلقہ سروسز کی برآمدات میں 211.54 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 0.52 ملین ڈاکر سے بڑھ کر 0.162 ملین ڈالر ہو گئیں۔
کمپیوٹر سافٹ وئیر کی درآمدوبرآمد میں 4.31 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تین کروڑ 35 لاکھ 61 ہزار ڈالر سے بڑھ کر تین کروڑ 50 لاکھ 9 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ کمپیوٹر سے متعلقہ دیگر سروسز بھی 22.52 فیصد اضافے سے چار کروڑ 99 لاکھ 75 ہزار ڈالر کے مقابلے میں چھ کروڑ 12 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
جولائی 2021ء کے دوران انفارمیشن سروسز کی برآمدات میں 8.82 فیصد کمی ہوئی اور یہ 0.340 ملین ڈالر سے کم ہو کر 0.310 ملین ریکارڈ کی گئیں۔
ٹیلی کمیونی کیشن سروسز کی برآمدات میں جولائی 2021ء کے دوران 11.96 فیصد اضافہ ہوا اور یہ چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر چار کروڑ 52 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
ٹیلی کام سروسز میں کال سینٹر سے متعلقہ خدمات کی فراہمی میں 11.80 فیصد اضافہ ہوا اور یہ ایک کروڑ چھ لاکھ 92 ہزار ڈالر سے بڑھ کر ایک کروڑ 19 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جبکہ دیگر ٹیلی کام سروسز 12 فیصد اضافے سے دو کروڑ 97 لاکھ 8 ہزار ڈالر سے بڑھ کر تین کروڑ 32 لاکھ 76 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔