افراط زر کی شرح میں معمولی گراوٹ، 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 21 کی قیمتیں مستحکم

1016

اسلام آباد: ملک میں افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، ہفتہ کے دوران 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 23 ستمبر 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ میں مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ہفتہ رفتہ میں کیلا کی قیمت میں 7.87 فیصد، پیاز 4.69 فیصد، دال مونگ 2.11 فیصد، دال ماش 1.70 فیصد، آٹے کا تھیلہ 1.60 فیصد، دال چنا 1.27 فیصد، دال مسور 0.27 فیصد، اری چاول 0.18 فیصد اور آلو کی قیمت میں 0.18 فیصد کم ہوئی۔

اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 14.21 فیصد، چائے کی قیمت میں 1.73 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 0.09 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں افراط زر کی شرح میں 13.88 فیصد اضافہ ہوا ہے، سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 52.90 فیصد، چکن 44.39 فیصد، بناسپتی گھی ڈھائی کلو 38.49 فیصد، کوکنگ آئل 5 لیٹر 38.16 فیصد، سرسوں کا تیل 37.22 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 35.71 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 28.83 فیصد اضافہ ہوا۔

اس کے برعکس سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 37.83 فیصد، دال مونگ 28.31 فیصد اور آلو کی قیمت میں 26.89 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ہفتہ میں سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.15 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

17 ہزار 733 روپے لے کر 22 ہزار 888 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.14فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 518 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے 0.12 فیصد کمی واقع ہوئی۔

اسی طرح 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.11 فیصد اور 44 ہزار 176 روپے اور اس سے زیادہ ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک بھر کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here