پشاور: پشاور میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلیک میں سرکاری چینی فروخت کرنے والے گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم نے ایس ایچ او شرقی عبداللہ جلال کے ہمراہ چار سدہ روڈ اور انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں گوداموں پر چھاپہ مارتے ہوئے یوٹیلٹی سٹور کی سرکاری چینی کو موقع پر پرائیویٹ پیکنگ میں پیک کرنے پر گروہ کے تین افراد کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے بعد گرفتار افراد کی نشاندہی پر یوٹیلیٹی سٹور کے منیجر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ گروہ کے افراد پشاور کے مختلف علاقوں میں یوٹیلیٹی سٹور انتظامیہ کی ملی بھگت سے سرکاری چینی حاصل کر نے کے بعد گوداموں میں پرائیویٹ پیکنگ کر کے پشاور بھر میں دکانداروں کو سپلائی کر تے تھے۔
چھاپے کے دوران گوداموں سے 52 یوٹیلیٹی سٹور کی چینی سے بھری بوریاں اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ہزاروں کی تعداد میں خالی پلاسٹک بیگ بھی برآمد کیے گئے جن کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق گرفتار افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید معلومات پر غیر قانونی کاروبار میں ملوث یوٹیلیٹی سٹورز اور دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔