بجلی کے پیداواری شعبہ میں براہ راست سرمایہ کاری میں 38.38 فیصد اضافہ

جولائی اور اگست 2021ء میں تھرمل پاور پراجیکٹس میں 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالر، پن بجلی منصوبوں میں ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور کول پاور پراجیکٹس میں 4 کروڑ 13 لاکھ ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی

145

اسلام آباد: رواں مالی سال 2021-22ء کے ابتدائی دو ماہ (جولائی، اگست) کے دوران ملک میں بجلی کے شعبہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک اور سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں بجلی کے شعبہ میں 8 کروڑ 58 لاکھ ڈالر ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی دو ماہ میں بجلی کے شعبے میں کی گئی بیرونی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں 38.38 فیصد زیاد ہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاور سیکٹر میں ایف ڈی آئی کا حجم 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اگست 2021ء میں پاور پروڈکشن سیکٹر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم  4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال میں ایندھن سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں تھرمل پاور کے پیداواری منصوبوں میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

پن بجلی منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ گزشتہ سال اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسی طرح کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 4 کروڑ 13 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں ایک کروڑ 69 لاکھ ڈالر تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here