دو ماہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کے حجم میں 23.55 فیصد اضافہ

185

اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال 2021-22ء کے پہلے دو ماہ (جولائی، اگست) میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی اور اگست 2021ء کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا مجموعی حجم 11 کروڑ 58 لاکھ 60 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات سے پاکستان کو 10 کروڑ 61 لاکھ 40 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.61 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی دو ماہ (جولائی، اگست) کے دوران بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 8 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسی طرح اگست 2021ء میں بنگلہ دیش کو پاکستان سے 5 کروڑ 53 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی برآمدات بھیجی گئیں جو اگست 2020ء کے 3 کروڑ 75 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 47.40 فیصد زیادہ ہیں۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بنگلہ دیش سے درآمدات پر 97 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.47 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش سے 78 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21ء میں بنگلہ دیش کو برآمدات سے پاکستان کو 61 کروڑ 60 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا جبکہ بنگلہ دیش سے درآمدات پر 7 کروڑ 61 لاکھ 30 ہزار ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here