ای سی سی اجلاس: چینی کی درآمد، آئی پی پیز کو 131 ارب روپے ادائیگی کی منظوری

سٹیٹ بینک کا ڈیوڈنڈ 10 فیصد مقرر، ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کیلئے بین الاقوامی ٹینڈر کی منظوری، شوگر ملز کو آغازِ نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کرنے کی ہدایت

786
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (تصویر: پی آئی ڈی)

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)  نے سٹیٹ بینک کا ڈیوڈنڈ 10 فیصد مقرر کرنے، چینی کی درآمد اور 11 آئی پی پیز کو 131 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

جمعرات کو ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزارت خزانہ نے گزشتہ مالی سال کیلئے سٹیٹ بینک کا ڈیوڈنڈ مقرر کرنے کی سمری پیش کی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 30 جون 2021 کوختم ہونے والے مالی سال کیلئے سٹیٹ بینک کے ڈیوڈنڈ کو 10 فیصد مقرر کرنے کے حوالہ سے وزارت خزانہ کی سمری کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوارکی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو مالی سال 2021-22ء میں تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

تفصیلی بحث کے بعد ای سی سی نے ہیومن ریسورس انٹرینچمنٹ پلان کے مکمل ہونے تک ملازمین کو ماہوار بنیادوں پر تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔

سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار نے چینی کے سٹریٹجک ذخائر کے قیام اوراس کی درآمد سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کمیٹی کو بتایا کہ ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔

تاہم ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد تین مختلف ٹینڈرز کے ذریعہ 50 ہزار، 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کی منظوری دیدی تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت کم ہونے سے استفادہ کیا جا سکے اور چینی کی خریداری مسابقتی بنیادوں پر ہو سکے۔

ای سی سی نے ملک بھر میں چینی کی سہل انداز میں فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا اور نومبر کے آغاز میں شوگر ملز کو کرشنگ سیزن شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا کے علاقہ مچنی میں فرنٹئیر کانسٹبلری کے تربیتی مرکز کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کیلئے بین الاقوامی ٹینڈر میں سب سے کم بولی کی منظوری دے دی، وزیر خزانہ نے کہا کہ کابینہ کمیٹیوں میں باہمی مشاورت سے اجتماعی فیصلہ سازی کی راہ ہموار ہو گی۔

اجلاس میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے پاسکو سے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کے ضمن میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سمری کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے جینکوز کو مالی معاونت سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ تفصیلی بحث کے بعد ای سی سی نے پاور ڈویژن کے مجموعی مختص بجٹ سے 500 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں آئی پی پیز پالیسی 2002ء کے تحت کل واجب الادا ادائیگیوں میں سے 40 فیصد ادائیگی کے ضمن میں پاور ڈویژن کی سمری کی منظوری دی گئی جس کے تحت 11 آئی پی پیز کو 131 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here