سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے 54 ارب روپے کے دو ترقیاتی منصوبے منظور

603

اسلام آباد: سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات کے شعبہ سے متعلق دو ارب 66 کروڑ روپے لاگت کا ایک منصوبہ منظور کر لیا جبکہ 51 ارب 29 کروڑ روپے کا منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس سوموار کو ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں پلاننگ کمیشن اور وفاقی وزارتوں / ڈویژنوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سے متعلق ایک پروجیکٹ ’فزیبلٹی سٹڈیز اور تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن برائے KPCIP ٹرانسپورٹ اور میونسپل سروسز پروجیکٹ‘ منظور کیا گیا جس کی کل لاگت دو ارب 66 کروڑ روپے ہے۔

اجلاس میں پروجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس منصوبے کا مقصد خیبر پختونخوا کے شہروں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور مردان میں اربن میونسپل سروسز کیلئے  بہتر سہولیات کی فراہمی، انتظام و انصرام اور مالی معاملات سے متعلق فزیبلٹی سٹڈی کرنا اور ٹرانسپورٹ پلاننگ جیسی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔

اجلاس میں 51 ارب 29 کروڑ روپے کی لاگت کا ’نیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسری نظر ثانی‘ منصوبہ پیش کیا گیا جس کو فورم نے تفصیلی غور کے بعد حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔

اس منصوبے کے تحت سول ایوی ایشن (سی اے اے) کو رہائشی عمارت حکومت کی طرف سے دی جائے گی، ایک جاری پروجیکٹ ہونے کی وجہ سے اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی۔

تاہم یہ ہدایت بھی کی گئی کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری ہونے والے فنڈز کو بھی استعمال کیا جائے اور گوادر ایئرپورٹ کے لیے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here