گزشتہ مالی سال میں پاسپورٹ فیس کی مد میں وفاقی حکومت نے کتنے ارب کمائے؟

955

اسلام آباد: وفاقی حکومت کو گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران پاسپورٹ فیس کی مد میں مجموعی طور پر 13 ارب 4 کروڑ اور 4 لاکھ روپے آمدن حاصل ہوئی۔

وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی یعنی جولائی تا ستمبر تک کی مدت میں پاسپورٹ فیس کی مد میں حکومت کو دو ارب 95 کروڑ 80 لاکھ روپے کا ریونیوحاصل ہوا۔

مالی سال کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران پاسپورٹ فیس کی مد میں آمدن بڑھ کر چھ ارب 97 کروڑ، 50 لاکھ روپے ہو گئی جو تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ) میں 10 ارب 23 کروڑ 90 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران پاسپورٹ فیس کی مد میں حاصل شدہ ریونیو بڑھ کر 13 ارب 4 کروڑ 4 لاکھ روپے روپے ہو گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2019-20ء کے مقابلے میں مالی سال 2020-21ء میں پاسپورٹ فیس کی مد میں ریونیو میں کمی ہوئی، سال 2020ء میں حکومت کو 17 ارب 74 کروڑ 30 لاکھ روپے آمدن ہوئی تھی جو مالی سال 2020-21ء میں کم ہو کر 13 ارب 4 کروڑ 4 لاکھ روپے تک آ گئی۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ پاسپورٹ فیس کی مد میں آمدن میں کمی ہوئی کیونکہ مالی سال کا زیادہ تر حصہ بیرون ملک سفر ممنوع رہا، گزشتہ سال عمرہ اور حج ادائیگی بھی محدود رہی جس کی وجہ سے زائرین پاکستان سے سعودی عرب نہ جا سکے اور یوں نئے پاسپورٹ بنوانے والوں کی تعداد کم رہی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here