لارج سکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی پیداوار میں 2.25 فیصد کا معمولی اضافہ

2000

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے مہینے جولائی کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں بڑے پیمانے کی صنعتوں (ایل ایس ایم) کی پیداوار میں 2.25 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا تاہم کئی شعبوں میں پیداوار کم رہی۔

پرووژنل کوانٹم انڈیکس نمبرز کے مطابق سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی 2021ء میں جولائی 2020ء کے مقابلے میں 2.25 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر جون 2021ء کے مقابلے میں 4.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

صوبائی بیورو برائے شماریات سے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے حوالے سے جولائی 2021ء کے ڈیٹا کی بنیاد پر ادارہ برائے شماریات پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئل کمپنیز ایڈوئزری بورڈ اور وزارت صنعت و پیداوار کو جولائی 2021ء کے دوران جون 2021ء کے مقابلے میں منفی 3.57 فیصد نمو کا سامنا کرنا پڑا۔

اعدادوشمار کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کے تحت آنے والے شعبوں میں جولائی 2021ء میں جون 2021ء کے مقابلے میں 6.05 فیصد کمی ہوئی جبکہ جولائی 2020ء کے مقابلے میں 1.40 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ برائے شماریات کے مطابق جولائی 2021 کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبہ میں 0.35 فیصد، خوراک، مشروبات اور ٹوبیکو میں 0.09 فیصد، فارما سیوٹیکل میں 0.84 فیصد، کیمیکلز 0.36 فیصد، آٹوموبائلز 2.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح لوہا اور سٹیل کی مصنوعات کی پیداوار میں 0.42 فیصد، کھادوں کی پیداوار میں 0.22 فیصد، الیکٹرانکس کی مصنوعات میں 0.5 فیصد جبکہ چمڑے اور انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار میں بالترتیب 0.10 اور 0.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021ء میں کوک اور پٹرولیم سیکڑ کی شرح نمو میں 3.57 فیصد کمی ہوئی، غیر معدنیاتی شعبے میں 10.44 فیصد، ربڑ کی مصنوعات کی پیداوار میں 8.82 فیصد جبکہ پیپر اور بورڈ کی پیداوار میں 33.53 فیصد کمی دیکھی گئی۔

واضح رہے کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر مجموعی قومی پیداوار کے 9.73 فیصد کے برابر ہے جبکہ ملک کے مجموعی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا حصہ 76.1  فیصد ہے، اس کے بعد سمال سکیل مینوفیکچرنگ کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ 2.12 فیصد جبکہ مجموعی مینوفیکچرنگ میں اس شعبے کا حصہ 16.6 فیصد ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران کوویڈ-19 کی عالمگیر وبا کے باوجود لارج سکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی پیداوار میں 16 سال بعد 14.85 فیصد کی بلند ترین شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here