اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان شماریات بیورو کے پی ٹی آئی حکومت کے پہلے مالی سال میں جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 23 لاکھ ملازمتوں کا اضافہ ہوا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ 2019ء سے اب تک پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں دس لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔
اس کے جواب میں اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے پی ٹی آئی کی حکومت کے پہلے سال 2018-19ء کے جاری کئے گئے لیبر فورس سروے کے اعدادوشمار کے مطابق اس سال مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت کے مقابلے میں 23 لاکھ مزید ملازمتیں تخلیق ہوئیں۔