پشاور: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 365 کلومیٹر طویل پشاور تا ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اور 30 کلومیٹر لمبی دِیر موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی، دونوں منصوبوں پر تقریباََ 315 ارب روپے لاگت آئے گی۔
ایکنک کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ایکنک نے خیبرپختونخوا حکومت کے منصوبے دیر موٹر وے کی منظوری دی، 38 ارب 99 کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے کو خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی مکمل کرے گی، تقریباََ 30 کلومیٹر طویل چار رویہ موٹروے چکدرہ سے شروع ہو گی اور ضلع دیر میں رابط کے مقام پر اختتام پذیر ہو گی۔
یہ بھی پڑھیے:
وہ پروگرام جس نے خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے
خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین کیلئے 60 کروڑ روپے سے 111 گاڑیاں خریدنے کی منظوری
ایکنک نے 276 ارب 52 کروڑ 94 لاکھ روپے مالیت کی پشاور تا ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی بھی منظوری دی، 360 کلومیٹر طویل چھ رویہ یہ موٹروے خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی مکمل کرے گی، یہ موٹروے کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت اور ٹانک سے ہوتی ہوئی ڈیرہ اسماعیل خان تک جائے گی۔
ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے خیبرپختونخوا کے ان علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے ساتھ سیاحت اور تجارت کو فروغ حاصل ہو گا اور معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔
صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے بتایا کہ کے پی حکومت موٹروے اور ایکسپریس وے کے ذریعے علاقوں کو باہم منسلک کر رہی ہے، ایکنک نے ان منصوبوں کا خیرمقدم کیا جن سے سیاحت اور تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ ایکنک کی جانب سے کے پی کیلئے دو بڑے اور اہم منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے جو پورے صوبے بالخصوص جنوبی اضلاع دیر اَپر اور چترال کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کیا ہوا اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے، دونوں موٹر ویز کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور ان علاقوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو جائے گا۔
دونوں روڈ منصوبوں کو پائیدار ترقی کے لئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف ان علاقوں بلکہ پورے صوبے میں کاروباری، تجارتی، صنعتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔
محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے مختلف حصوں میں اکنامک زونز کے قیام اور ان زونز کو شاہراہوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب صوبہ بین الاقوامی تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔
ایکنک سے روڈ منصوبوں کی منظوری پر وزیراعلیٰ نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اسد عمر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور صوبے کے عوام کو مبارک باد دی۔