پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کتنے میں ہو گی؟ 

کوشش ہے چارجنگ ٹیرف پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں سے کم ہو، ایک الیکٹرک گاڑی کی چارجنگ کیلئے 40 یونٹس درکار ہوں گے اور گاڑی کی اوسط مائلیج کا تخمینہ 12 کلومیٹر فی یونٹ لگایا گیا ہے: چیئرمین نیپرا

951

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے برقی گاڑیوں کی بیٹری چارجنگ کیلئے ٹیرف 45.8 روپے فی یونٹ رکھے جانے کا امکان ہے۔

نیپرا ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین توصیف فاروقی کی سربراہی میں الیکٹرک وہیکلز کے ٹیرف سے متعلق ہونے والی سماعت میں وزارت صنعت و پیداوار، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، الیکٹرک وہیکلز چارجنگ سٹیشنز، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نمائندوں اور برقی گاڑیوں کے شعبے کے سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

اس دوران چارجنگ ٹیرف کے حوالے سے نیپرا نے تین تجاویز دیں، پہلی یہ کہ قیمتوں کا تعین نجی شعبہ ازخود کرے، دوسری تجویز یہ تھی کہ زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کر لی جائے، تیسری تجویز یہ دی گئی کہ ٹیرف کا تعین نیپرا کرے گی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا ہے کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ چارجنگ ٹیرف پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے مقابلے میں کم ہو۔

نیپرا عہدیدار کے مطابق ایک الیکٹرک گاڑی کو چارج کرنے کے لیے 40 یونٹس درکار ہوں گے، گاڑی کی اوسط مائلیج کا تخمینہ 12 کلومیٹر فی یونٹ لگایا گیا ہے اور ورکنگ پیپر کے مطابق ای وی چارجنگ ٹیرف کا تخمینہ 45.8 روپے فی یونٹ لگایا گیا۔

تاہم سرمایہ کاروں  نے 45 روپے 80 پسے فی یونٹ قیمت مقرر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز اس لیے قابل عمل نہیں کیونکہ بجلی کا کمرشل یونٹ 30 روپے میں پڑتا ہے جس میں کئی طرح کے ٹیکس شامل ہوتے ہیں۔

چیئرمین نیپرا نے بھی کہا کہ الیکٹرک وہیکلز چارجنگ کے حوالے سے کسی قسم سبسڈی نہیں دی جائے گی کیونکہ پہلے ہی پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2.4  کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

نیپرا نے ای وی چارجنگ سٹیشنز کے حتمی ٹیرف پر کوئی فیصلہ سنانے سے قبل کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مزید مشاورت کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

چیئرمین نیپرا نے تمام سٹیک ہولڈرز سے ایک ہفتے کے اندر تجاویز طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریگولیٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی بھی کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here