اسلام آباد: پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک بحرین، اردن، کویت، سعودی عرب، ترکی ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور خطہ کے دیگر ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 2021-22ء کے پہلے مہینہ میں بحرین، اردن، کویت، سعودی عرب، ترکی ، یو اے ای اور دیگر مغربی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 21 کروڑ 82 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے پہلے ماہ کی برآمدات کے مقابلہ میں 14.17 فیصد کم ہے، جولائی 2020ء میں بحرین، اردن، کویت، سعودی عرب، ترکی ، یو اے ای اور دیگر مغربی ایشیائی ملکوں کو 24 کروڑ 91 لاکھ 30 ہزار ڈالر ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال کے پہلے ماہ میں مغربی ایشیائی ممالک سے درآمدات میں 54.50 فیصد اضافہ ہوا۔
جولائی 2021ء میں خطہ کے ممالک سے ایک ارب 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال جولائی میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 77 کروڑ 47 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے اختتام پر خطہ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 2 ارب 90 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ 13 ارب 55 کروڑ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔