کراچی: میزان بینک نے تیزی سے ترقی پانے والے بزنس ٹو بزنس سٹارٹ اپ ریٹیلو (Retailo) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے ہیں۔
اس شراکت داری کا مقصد ریٹیلرز کے چھوٹے کاروباروں کو ترقی دینے میں معاونت فراہم کرنے کیلئے کامیاب جوان فنانسنگ سکیم کے تحت شریعہ کے مطابق مالیاتی وسائل فراہم کرنا ہے۔
معاہدے پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اور ریٹیلو کے شریک بانی وہاج احمد نے دستخط کئے۔
یہ فنانسنگ وزیرِ اعظم عمران خان کی ‘کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم’ سے حاصل کی گئی ہے جس کے تحت نوجوان انٹرپرینیورز اور کاروباروں کو ہدف بنا کر مالی معاونت فراہم کرنا ہے، اس سکیم کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رہنمائی اور نگرانی میں 21 کمرشل، اسلامی اور ایس ایم ایز بینکوں کے ذریعے سبسڈائزڈ فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔
اس سکیم کے ذریعے حکومت کا مقصد مالی اعانت کے ذریعے ملکی معیشت میں کردار ادا کرنے کے خواہش مند انٹرپرینیورز کی شراکت کو بڑھانا اور ان کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔
میزان بینک اور ریٹیلو کے درمیان اس شراکت دای کے تحت چھوٹے کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے اور ان کے روزگار کی صلاحیت میں اضافہ کیلئے شریعہ کے مطابق مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
میزان بینک کے ساتھ شراکت داری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ریٹیلیو کے شریک بانی وہاج احمد نے کہا کہ ریٹیل سیکٹر پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے، ریٹیلو کی ہائی پاور ایپ اور آسان سپلائی چین کے ذریعے ہم قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میزان بینک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم ریٹیلرز کو انتہائی ضروری سپورٹ فراہم کرنے کیلئے ان کی زندگیوں میں ذاتی سطح پر تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے کہاکہ میزان بینک اپنے صارفین کو مطلوبہ معیار فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، ریٹیل سیکٹر اور ایس ایم ایز کو ترقی کیلئے سرمایہ کی فراہمی سے ایک مساوی معاشی نظام تشکیل پائے گا اور اس شعبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔