اسلام آباد: روس اور پاکستان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے 3 ارب ڈالر کا گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت نیچے لانے کی ہدایت کی ہے اور وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر توانائی حماد اظہر کو قیمتیں کم کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ روس کے ساتھ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے بات چیت ہو رہی ہے، دونوں ممالک باہمی تعاون سے 3 ارب ڈالر کا گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کر رہے ہیں، اس منصوبہ سے روس اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، وزارت خارجہ کے توسط سے اس دورے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے برطانوی ہم منصب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کی بات کی، اس حوالہ سے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور برطانیہ کے چیف میڈیکل سائنٹسٹ کے درمیان تفصلی نشست ہو گی، یہ پاکستانی کمیونٹی کیلئے اہم معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر مزدوروں کیلئے کورونا سے بچائو کی ویکسین کا بوسٹر شاٹ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے اس کی قیمت 1270 روپے مقرر کی گئی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تجارتی شعبے کی ترقی خصوصاً بیرونی دنیا کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے اور کسی بھی تنازع کو احسن طریقے سے حل کرنے کے حوالے سے سٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کے تحت “ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولیوشن آرگنائزیشن” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اس ادارے کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے لئے مجوزہ قانون کا مسودہ کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا، کابینہ نے مجوزہ قانون کے مسودے کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کو مثبت اقتصادی اعشاریوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے پہلے سال میں 7.60 کھرب روپے، دوسرے سال 3.60 کھرب روپے اور تیسرے سال 1.7 کھرب روپے قرضہ لیا گیا۔ بعض قرضے اس لئے اٹھائے گئے تاکہ ملکی ذخائر میں اضافہ کیا جا سکے۔ ڈیبٹ ٹو جی ڈی پی تناسب میں کمی کا رجحان حوصلہ افزا ہے۔
کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 25 اگست2021ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ ان فیصلوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شام کو فراہم کی جانے والی امداد، چین سے درآمد کئے جانے والے 12 ڈرونز پر ڈیوٹی اور ٹیکسز میں چھوٹ، ملکی تذویراتی ذخائر کے لئے چینی کی درآمد اور گندم کے دوسرے انٹرنیشنل ٹینڈر کے ایوارڈ کے حوالے سے فیصلے شامل تھے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال 4700 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا جبکہ گزشتہ سال کے پہلے دو ماہ کے دوران 508 ارب روپے محصولات کی مد میں جمع کئے گئے جبکہ رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران 840 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے 12 اگست 2021ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اس اجلاس میں گوادر کو بجلی کی فراہمی کے آپشنز اور گوادر کی مارکیٹنگ کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کو جون 2021ء تک کے گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی۔ گردشی قرضوں کا حجم 450 ارب سے کم ہو کر 150 ارب روپے رہ گیا ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ 2023تک گردشی قرضہ صفر پر لایا جا سکے۔
فواد چوہدری نے بتایاکہ کابینہ نے محمد امین کو سی ای او لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) تعینات کرنے کی منظوری دی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر سٹیڈک ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن پاکستان امجد علی اعوان کا استعفیٰ منظور کیا گیا۔ چئیرپرسن نیشنل ٹیرف کمیشن کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے اخراجات کیلئے مالی وسائل پر بریفنگ دی گئی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 688 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اب تک 4.7 کھرب روپے کے منصوبوں کی شناخت کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سے کھاریاں موٹروے کے پہلے مرحلہ کا آغاز رواں ہفتے ہو گا، اس پر 27 ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ کھاریاں سے اسلام آباد موٹروے دوسرے مرحلہ میں مکمل کی جائے گی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے اشتہار دیا جا چکا ہے، سروسز ہوٹل لاہور کی کامیاب نجکاری کی جا چکی ہے، موجودہ حکومت نے پی آئی اے، پی ٹی وی اور ریڈیو کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی، 2013ء میں جب (ن) لیگ نے اقتدار سنبھالا تو سرکاری ادارے 206 ارب روپے منافع میں تھے اور جب ان کی حکومت ختم ہوئی تو یہ ادارے 286 ارب روپے خسارے میں تھے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی پورٹ نے 1947ء سے 2018ء تک 67 ارب روپے کمائے لیکن گزشتہ تین سال میں 43 ارب روپے کمائے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کا ٹھیکہ ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران رواں ہفتے اس کا افتتاح کریں گے، یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہو گا۔