مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا، ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

684

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا اور ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے افراط زر کی صورت حال پر جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 26 اگست 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ میں 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 بڑی مارکیٹوں میں 51 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق ہفتہ رفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 29.88 فیصد، ایل پی جی 2.63 فیصد اور آلو کی قیمت میں 2.11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس مرغی کی قیمت کو ایک بار پھر پر لگ گئے اور چکن کی قیمت میں 9.52 فیصد اضافہ ہوا، دال مسور 9.32 فیصد، پیاز 7.55 فیصد، لہسن 5.12 فیصد مہنگا ہو گیا۔

اسی طرح کیلا 5.02 فیصد، دال ماش 3.33 فیصد، انڈے 2.86 فیصد، دال چنا 2.85 فیصد، سرسوں کا تیل 2.02 فیصد اور بنا سپتی گھی (ایک کلو) کی قیمت میں 1.80 فیصد اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں آلو کی قیمت میں 25.43 فیصد، دال مونگ 17.19 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں 6.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں مجموعی طور پر 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.20 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اسی طرح 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے 0.24 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدن والے گروپ کیلئے مہنگائی میں 0.29 فیصد اضافہ ہوا۔

پی بی ایس کے مطابق 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 ماہانہ آمدن والے گروپ کیلئے مہنگائی میں 0.31 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے زیادہ ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے 0.15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here