اسلام آباد: پاکستان ایلومینیم بیوریج کینز (پی اے بی سی) کے منافع میں سال 2021ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران 37 کروڑ 10 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق اپریل تا جون 2020ء کے دوران پاکستان ایلومینیم بیوریج کینز کو ایک کروڑ 60 لاکھ روپے منافع حاصل ہوا تھا۔
تاہم رواں سال اپریل تا جون 2021ء کے دوران کمپنی کی آمدنی 38 کروڑ 70 لاکھ روپے تک بڑھ گئی۔ اس طرح سال 2020ء کے مقابلہ میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں پاکستان ایلومینیم بیوریج کینز کی آمدن میں 37 کروڑ 10 لاکھ روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان ایلومینیم بیوریج کینز کی آمدن میں اضافہ کے نتیجہ میں کمپنی کی فی شئیر آمدن بھی 0.04 روپے کے مقابلہ میں 1.07 روپے فی شئیر تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کی سیلز میں 81 فیصد اضافہ ہوا ہے، اپریل تا جون 2020ء کے دوران کمپنی کی سیلز 1.1 ارب روپے رہی تھی تاہم اپریل تا جون 2021ء کے لئے سیلز کا حجم 80 کروڑ روپے اضافہ سے 1.9 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب کمپنی کے مالیاتی اخراجات میں کمی ہوئی ہے اور 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے مالیاتی اخراجات 13 کروڑ 23 لاکھ روپے کے مقابلہ میں سال 2021ء کی دوسری سہ ماہی میں مالیاتی اخراجات 7 کروڑ 95 لاکھ روپے تک کم ہوئے۔ اس طرح کمپنی کی سیلز میں اضافہ جبکہ مالیاتی اخراجات میں کمی کے نتیجہ میں آمدن میں اضافہ ہوا۔