کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ اسے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے 2 ارب 75 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق یہ رقم پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے کورونا وبا کے تناظر میں عالمی معاشی سرگرمیوں میں معاونت کرنے کیلئے 650 ارب ڈالر کے خصوصی فنڈ (special drawing rights) میں سے دی گئی ہے۔
#SBP has received US$ 2.75 billion from the IMF, as part of SDR allocation announced by IMF recently.
— SBP (@StateBank_Pak) August 24, 2021
رواں ماہ کے آغاز میں آئی ایم ایف کے بورڈ آف گورنرز نے سپیشل ڈارائنگ رائٹس کی منظوری دی تھی، اس کا بنیادی مقصد کورونا وائرس سے متاثرہ عالمی معیشت کو اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے سرمایہ فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے اپنی تاریخ میں سپیشل ڈرائنگ رائٹس کی سب سے بڑی تخصیص کی گئی ہے جو بحران کی شکار عالمی معیشت کے لیے سود مند ثابت ہو گی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے فنڈز فراہمی کا عمل 23 اگست سے شروع کیا گیا ہے اور رکن ممالک کو فنڈز ان کے آئی ایم ایف میں موجودہ کوٹے کے تناسب سے فراہم کیے جا رہے ہیں، ایک ہی وقت میں تقریباً 275 ارب ڈالر کم آمدنی والے ملکوں سمیت ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر ممالک کو دستیاب ہوں گے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے 12 اگست کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 4.3 فیصد کے تناسب سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر مالی معاونت ملے گی، اچھی بات یہ ہے کہ اس مالی معاونت پر کسی قسم کی شرائط لاگو نہیں اور اس پر اخراجات (سود وغیرہ) بھی صفر فیصد ہیں۔
تاہم اب سٹیٹ بینک کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے سپیشل ڈرائنگ رائٹس کی مد میں 2 ارب 75 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے ہیں جس سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر تقریباََ 27 ارب ڈالر کے لگ بھگ پہنچ گئے ہیں۔