نیویارک: امریکی کمپنی ٹیسلا نے الیکٹرک کار کے بعد مصنوعی ذہانت پر مبنی انسان نما روبوٹ تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی کمپنی انسان نما روبوٹ تیار کر رہی ہے جو مصنوعی ذہانت پر مبنی ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ انسان نما روبوٹ کی تیاری ٹیسلا کی خودکار ڈرائیونگ والی گاڑیوں کے منصوبے کا حصہ ہے اور اس میں گاڑیوں میں استعمال ہونے والی کمپیوٹر چپ اور نیوی گیشن سسٹم 8 کیمروں کے ساتھ نصب ہو گا۔
اس ربورٹ کی اونچائی 173 سینٹی میٹر اور وزن 57 کلوگرام کے قریب ہو گا اور اس کا نام آپٹیمس رکھا گیا ہے۔
کپڑے کی دکان میں رکھے کسی مجسمے کی طرح نظر آنے والا یہ ربورٹ اُن کاموں کو انجام دے گا جو اکتاہٹ کا باعث بنتے ہیں اور پُرخطر ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ روبوٹ مختلف کام جیسے گاڑیوں میں بوٹ لگانے یا دکانوں سے سامان خرید کر لانے کی اہلیت رکھتا ہو گا اور افرادی قوت کی کمی سے پیدا ہونے والے خلا کو پورا کر سکے گا، زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یہ نئی مشین بہت زیادہ مہنگی نہیں ہو گی۔