چھ ماہ میں نیسلے پاکستان کو پونے 6 ارب روپے منافع، فی شئیر آمدن 127 روپے تک پہنچ گئی

284

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نیسلے پاکستان کے بعد از ٹیکس نفع میں 49 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا جون 2021ء کے دوران نیسلے پاکستان کی بعد از ٹیکس آمدنی 5 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ روپے تک بڑھ گئی اور اس عرصہ کے لئے کمپنی کی فی شئیر آمدنی 127.53 روپے تک پہنچ گئی۔

گزشتہ سال 2020ء کی پہلی ششماہی میں نیسلے پاکستان کو 3 ارب 87 کروڑ 60 لاکھ روپے بعد از ٹیکس منافع ہوا تھا اور اس کی فی شئیر آمدن 85.47 روپے رہی تھی۔

اس طرح سال 2020ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں سال 2021ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران نیسلے پاکستان کے بعد از ٹیکس منافع میں ایک ارب 90 کروڑ 70 لاکھ روپے یعنی 49 فیصد نمایاں بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے خالص آمدنی میں نمایاں اضافہ کے نتیجہ میں اپنے شئیر ہولڈرز کے لئے 1150 فیصد یعنی 115 روپے فی شئیر کے وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔

مالیاتی رپورٹ کے مطابق سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران نیسلے پاکستان کی بعد از ٹیکس آمدنی ایک ارب 93 کروڑ روپے جبکہ فی شئیر آمدن 42.71 روپے رہی تھی۔

تاہم رواں سال 2021ء کی دوسری سہ ماہی کے لئے کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدنی 2 ارب 75 کروڑ روپے اور فی شئیر آمدنی 56.76 روپے تک بڑھ گئی۔ا

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here