اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالی سال 2021-21ء کے پہلے مہینے جولائی کے دوران ایک ہزار 949 نئی کمپنیاں رجسٹر کی ہیں۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نئی رجسٹریشن کے بعد ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 842 ہو گئی ہے۔
جولائی 2021ء میں تقریباََ 99 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن جبکہ 43 فیصد کی ایک ہی دن میں کی گئی، 175 کمپنیاں بیرون ملک سے بھی رجسٹر ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق جولائی میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 66 فیصد پبلک لمیٹڈ، 31 فیصد سنگل ممبر جبکہ 3 فیصد پبلک اَن لسٹڈ کمپنیاں، غیرمنافع بخش ادارے اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ شامل ہیں۔ نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کے کل ادا شدہ سرمایہ کی حد 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہے۔
جولائی میں سب سے زیادہ کمپنیاں رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبے سے رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد 313 ہے، تجارت کے شعبے سے 279، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 243، ای کامرس میں 117، فوڈ اینڈ بیورجز میں 76، تعلیم میں 63، ٹیکسٹائل میں 57، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں 56، ادویہ سازی میں 52، انجنئرنگ میں 51، سیاحت میں 40 کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔
اسی طرح ہیلتھ کئیر سیکٹر میں 39، کان کنی میں 38، ٹرانسپورٹ 27، بجلی کی پیداوار میں 24، آٹو، الائیڈ، فیول اور انرجی سیکٹرز میں 23، کیمیکل اور مواصلات میں 21، 21، کیبلز اور برقی مصنوعات میں 18، براڈکاسٹنگ اور ٹیلی کاسٹنگ میں 14، کاسمیٹکس 14، پیپر اینڈ بورڈ اور سٹیل وغیرہ 13 جبکہ بقیہ 85 کمپنیاں دیگر شعبہ جات میں رجسٹر کی گئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق جولائی کے دوران 47 نئی کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی، ان کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کا تعلق آسٹریلیا، برموڈا، چین، ڈنمارک، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، جنوبی کوریا، کویت، نیدرلینڈ، عمان، فلپائن، قطر، روس، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سے ہے۔
جولائی میں سب سے زیادہ کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد 645 ہے، اس کے بعد لاہور میں 634، کراچی میں 294، پشاور میں 22، ملتان 57، فیصل آباد میں 75، گلگت بلتستان میں 96، کوئٹہ 120 اور سکھر میں 6 کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔