کراچی: میزان بینک لمیٹڈ نے 30 جون 2021ء کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا۔
رواں سال 2021ء کی پہلی ششماہی میں میزان بینک کو ٹیکس ادائیگی کے بعد 12 ارب 60 کروڑ روپے منافع حاصل ہوا ہے جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے 11 ارب 70 کروڑ روپے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔
اس بات کا اعلان میزان بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس نے کی جبکہ اس موقع پر بورڈ کے وائس چیئرمین فیصل اے اے اے النصر بھی موجود تھے۔
اجلاس میں میزان بینک کے حصص یافتگان (share holders) کیلئے 1.5روپے فی شیئر (10 فیصد) عبوری کیش ڈیوڈنڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ بورڈ نے 15 فیصد بونس شیئر جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔
اس طرح 2021ء کی پہلی ششماہی میں میزان بینک نے اپنے حصص یافتگان کو 3 روپے کیش ڈیوڈنڈ (30 فیصد) دینے کے ساتھ ساتھ 1.5 روپے (15 فیصد) بونس شیئرز بھی دیا ہے۔
بینک کی فی شئیر آمدنی جون 2020ء کے 8.25 روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 8.91 روپے ہو گئی جبکہ اس کے مجموعی ڈپازٹس 9 فیصد اضافے کے ساتھ 1.37 کھرب روپے ہو چکے ہیں۔
سٹیٹ بینک کی شرح سود میں کمی کا اثر بینک کے زیادہ آمدنی والے اثاثوں کے حجم پر بھی پڑا جبکہ بینک کے کرنٹ اکاﺅنٹ ڈپازٹس جون 2020ء کے 397 ارب روپے کے مقابلے میں 45 فیصد اضافے کے ساتھ 576 ارب روپے ہو گئے ہیں۔
ٹریڈ فنانس میں اضافے، برانچ بینکنگ اور ڈیبٹ کارڈ سے متعلقہ فیس سے ہونے والی آمدن کی وجہ سے بینک کی غیر فنڈڈ آمدنی گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 5.03 ارب روپے کے مقابلے میں 36 فیصد اضافے کے ساتھ 6.81 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔
بینک کا انویسٹمنٹ پورٹ فولیو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد اضافے کے ساتھ 472 ارب روپے ہو گیا ہے جبکہ بینک کے مجموعی اثاثے دسمبر 2020ء کے 1.52 کھرب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 1.67 کھرب ہو گئے ہیں۔
اسی طرح بینک کا فنانسنگ پورٹ فولیو دسمبر 2020ء کے 513 ارب روپے کے مقابلے میں 11 فیصد اضافے کے ساتھ 570 ارب روپے ہو گیا ہے۔
پاکستان کی بینکنگ انڈسٹری کی 9 فیصد اوسط کے مقابلے میں 136 فیصد کے کوریج تناسب کے ساتھ میزان بینک نے غیر فعال فنانسنگ کی 2.4 فیصد شرح کی شاندار کارکردگی کو برقرار رکھا۔
بینک نے زیر جائزہ ششماہی میں 20 نئی برانچوں کا آغاز کیا جس کے بعد ملک کے 258 شہروں میں 917 اے ٹی ایمز کے ساتھ بینک کی برانچوں کی کل تعداد 835 ہو چکی ہے۔
کریڈٹ ریٹنگ کمپنی وی آئی ایس نے بینک کی ریٹنگ ٹرپل اے /اے ون پلس (AAA / A-1+) اَپ گریڈ کر دی ہے جو کہ رسک فیکٹر نہ ہونے کے برابر اور اعلیٰ کریڈٹ کوالٹی کی نشاندہی کرتی ہے۔