
تربیلا: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دس سالوں میں دس نئے ڈیم بنائیں گے، مہمند ڈیم 2025ء اور بھاشا ڈیم 2028ء میں مکمل ہو جائے گا۔
جمعرات کو وزیراعظم نے تربیلا 5 توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ 2030ء تک پاکستان میں ماحول دوست بجلی بنے، تربیلا کے توسیعی منصوبہ سے ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے لئے مہنگے ترین معاہدے کئے گئے جس کے نتیجے میں حکومت کو مہنگی بجلی خریدنی پڑ رہی ہے، حکومت پن بجلی اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کا مسئلہ درپیش ہے جس کے باعث دنیا کا موسم تیزی سے گرم ہو رہا ہے، جیکب آباد اس وقت گرم ترین علاقہ ہے، جنگلات میں پہلے اس طرح آگ نہیں لگتی تھی جیسے اب لگ رہی ہے، روس، ترکی اور یونان میں اس طرح آگ لگی ہوئی ہے جیسے انسانی تاریخ میں کبھی نہیں لگی، اس سے قبل ایسے سیلاب نہیں آئے جیسے اب آ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایسی بجلی بنائیں جس سے گلوبل وارمنگ پر اثر نہ پڑے، تربیلا کے توسیعی منصوبہ سے تربیلا ڈیم کی زندگی طویل ہو جائے گی، صرف 4 میل دور مٹی ہے جو ڈیم میں بھر جاتی ہے، اس توسیعی منصوبہ سے ڈیم میں آنے والی مٹی کو فلش کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ داسو اور بھاشا ڈیم کا وقت پر بننا بھی ضروری ہے کیونکہ اس سے تربیلا ڈیم میں مٹی کا بھرنا کم ہو جائے گا جس سے ڈیم کی زندگی زیادہ لمبی ہو جائے گی۔
LIVE #APPNews : Prime Minister @ImranKhanPTI addressing ground-breaking ceremony of Tarbela Dam's fifth extension project #Tarbela @PakPMO https://t.co/EDyMyKiCgE
— APP 🇵🇰 (@appcsocialmedia) August 12, 2021
وزیراعظم کو اس موقع پر چیئرمین واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹی۔5 ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے ڈیم میں مٹی بھرنے کے مسئلہ کے حل کے ذریعے تربیلا ڈیم کی زندگی بڑھ جائے گی اور آب پاشی کیلئے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
اس کیلئے عالمی بینک 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 300 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں جبکہ باقی رقم کا بندوبست حکومت پاکستان کے ذمے ہو گا۔
اس منصوبہ سے 1530 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی۔ اس کی تکمیل سے تربیلا ڈیم کی بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔
تربیلا فائیو سے ہر سال نیشنل گرڈ کو 1.347 ارب یونٹ سستی بجلی حاصل ہو گی۔ اس منصوبہ کے تعمیراتی مرحلہ کے دوران تقریباً تین ہزار افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان ، وفاقی وزیر آبی وسائل چوہدری مونس الٰہی، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، گورنر خیبرپختونخواشاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔