کراچی: لکی سیمنٹ لمیٹڈ نے 30 جون 2021ء کو ختم ہونے والے مالی سال میں مجموعی طور پر 28.2 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کا اعلان کیا ہے۔
یہ منافع اقلیتی شئیر ہولڈرز (نان کنٹرولنگ انٹرسٹ ) کے 5.37 ارب روپے کے علاوہ ہے، کمپنی کی فی شئیر آمدنی پچھلے مالی سال کے 18.96 روپے کے مقابلے میں 70.69 روپے رہی۔
مجموعی طور پر کمپنی کا ٹرن اوور 267.73 ارب روپے رہا جو پچھلے سال کی 162.87 ارب روپے کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ ہے۔
زیرِ جائزہ مدت کے دوران کمپنی کے مجموعی خالص منافع میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 273 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان سے باہر جوائنٹ وینچرز کے سیمنٹ آپریشنز اور پاکستان میں کمپنی کے ذیلی اداروں کے منافع میں خاطر خواہ اضافے کی وجہ سے مجموعی خالص منافع میں بھی اضافہ ہوا۔
بہتر مارجن اور فروخت کے حجم میں اضافے کی وجہ سے زیرِ جائزہ مدت کے دوران ہولڈنگ کمپنی کے سیمنٹ سیگمنٹ کے بعد از ٹیکس منافع میں 3.21 گنا اضافہ ہوا۔ پچھلے سال کے 6 ماہ کے مقابلے میں اس دفعہ پورا سال نئی تنصیب شدہ لائن ون کی اضافی صلاحیت کی دستیابی اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کے فروخت کے حجم میں اضافہ ہوا۔
انفرادی بنیادوں پر لکی سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 30.7 فیصد نمو کے ساتھ رواں مالی سال کے دوران 9.96 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔
کمپنی کی مقامی فروخت کا حجم پچھلے سال کے 5.46 ملین ٹن کے مقابلے میں 38.3 فیصد اضافے کے ساتھ 7.56 ملین ٹن رہا جبکہ برآمدات کا حجم پچھلے سال کے 2.16 ملین ٹن کے مقابلے میں 11.3 فیصد اضافے کے ساتھ 2.41 ملین ٹن رہا۔
مزید یہ کہ کمپنی کی انفرادی مالی کارکردگی کے حوالے سے کمپنی کا مجموعی سیلز ریوینیو پچھلے سال کے 62.30 ارب روپے کے مقابلے میں 41.8 فیصد اضافے کے ساتھ 88.36 ارب روپے رہا۔
لکی سیمنٹ نے 14.07 ارب روپے منافع بعد از ٹیکس حاصل کیا۔ اسی طرح رواں مالی سال کمپنی کی فی شئیر آمدنی پچھلے سال کے 10.34 روپے فی شئیر کے مقابلے میں 43.51 روپے فی شئیر رہی۔
کووڈ 19 کے مسائل کے باوجود کمپنی کی جانب سے عراق میں لگائے گئے 1.2 ایم ٹی پی اے گرین فیلڈ سیمنٹ پلانٹ نے 10 مارچ 2021ء کو اپنی آزمائشی پیداوار کامیابی سے مکمل کی۔
اسی طرح پورٹ قاسم پر کول پاور پلانٹ 30 جون 2021ء تک تقریباً 98.7 فیصد مکمل ہو چکا ہے جو این ٹی ڈی سی کی طرف سے تعاون کے بعد اکتوبر تک کمرشل آپریشن شروع کر دے گا۔
لکی سیمنٹ لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے آپریشنز کے علاقوں میں حقیقی شراکت داری کیلئے پرعزم ہے، کمپنی نے پاکستان اور بیرون ممالک میں مستحق اور غریب طلباء کیلئے اپنی سپورٹ کو مزید وسعت دی ہے جبکہ صحت کی بہتری کیلئے مختلف فلاحی تنظیموں کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔
اس کے علاوہ اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور اقوامِ متحدہ کے 2030ء ایجنڈے کو سپورٹ کرنے کیلئے لکی سیمنٹ ماحولیاتی تحفظ کے کئی اقدامات کر رہی ہے۔