ای کامرس سے وابستہ تاجروں کی بینکوں کیساتھ رجسٹریشن میں 147 فیصد اضافہ

مارچ 2018ء کے اختتام پر بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس تاجروں کی تعداد ایک ہزار 23 تھی لیکن مارچ 2021ء کے خاتمہ پر بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس تاجروں کی تعداد 2 ہزار 523 تک بڑھ چکی ہے

791

اسلام آباد: گزشتہ چند سالوں کے دوران دنیا بھر کی طرح پاکستان میں ای کامرس کا شعبہ تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، آئے روز نت نئے ای کامرس پلیٹ فارم اور سٹارٹ اپ متعارف ہو رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں اپنی جگہ متعین کر چکا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ تین سالوں میں ای کامرس تاجروں کی بینکوں کے ساتھ رجسٹریشن میں 147 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2018ء کے اختتام پر بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس تاجروں کی تعداد ایک ہزار 23 تھی تاہم مارچ 2021ء کے خاتمہ پر بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس تاجروں کی تعداد 2 ہزار 523 تک بڑھ چکی ہے۔

اس طرح گزشتہ تین سال کے مختصر عرصہ کے دوران ای کامرس تاجروں کی بینکوں کے ساتھ رجسٹریشن میں 1500 یعنی 146.62 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

وزارت تجارت نے ای کامرس کے حوالے سے نئے قوانین متعارف کرا دیے

سال 2020ء: وبا کے باوجود ای کامرس کا عالمی حجم 26 کھرب 70 ارب ڈالر ریکارڈ

سٹیٹ بینک کی ای کامرس ایکسپورٹرز کیلئے ریگولیٹری فریم ورک میں تبدیلیوں کی تجویز

ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق جون 2018ء کے اختتام پر ای کامرس رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد ایک ہزار 49 جبکہ ستمبر 2018ء کے اختتام پر ایک ہزار 242 تک بڑھ گئی۔

دسمبر 2018ء کے خاتمہ پر یہ تعداد ایک ہزار 186 تک کم ہوئی تھی اور گزشتہ تین سال میں صرف اکتوبر تا دسمبر 2018ء کی سہ ماہی میں کمی واقع ہوئی جس کے بعد ای کامرس تاجروں کی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ کارجحان رہا ہے۔

مارچ 2019ء کے خاتمہ پر ای کامرس رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد ایک ہزار 398 جبکہ جون 2019ء کے اختتام پر ایک ہزار 362، ستمبر 2019ء کے خاتمہ پر ایک ہزار 410 اور دسمبر 2019ء کے خاتمہ پر ایک ہزار 481 ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے اختتام پر یہ تعداد ایک ہزار 559، دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے آخر میں ایک ہزار 707، تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے اختتام پر 2 ہزار 164 اور چوتھی سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کی تکمیل پر 2 ہزار 411 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ مارچ 2021ء کے خاتمہ پر بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ای کامرس تاجروں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 523 تک پہنچ چکی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here