اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 21 پیسے سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
بجلی کی قیمت میں یہ ریلیف جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دیا گیا ہے جو صارفین کو آئندہ ماہ (اگست) کے بلوں میں ملے گا، اس کا اطلاق لائف لائن، زرعی صارفین اور کے الیکڑک صارفین پر نہییں ہو گا۔
بدھ کو چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت نیپرا نے جون کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست کی سماعت مکمل کی۔
سی پی پی اے نے جون کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 80 پیسے کمی کی درخواست کی تھی۔ اس کے علاوہ گزشتہ تین سال کیلئے بھی 13 ارب روپے کی ایڈجسٹمنٹس کی درخواست کی گئی تھی۔
سماعت کے بعد نیپرا نے بجلی 22 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی جس سے صارفین کو 11 ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ حکومت حالیہ لوڈشیڈنگ کے معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے، نیپرا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی سے متعلق تفصیلی فیصلہ اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد جاری کرے گی۔