اسلام آباد: سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران 20 فیصد اور برآمدات میں 18.69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( اے پی سی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم اور سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے گزشتہ مالی سال میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 57.433 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔
پیوستہ مالی سال 20-2019ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 47.812 ملین ٹن رہا تھا، اس طرح سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 9.621 ملین ٹن یعنی 20 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 20.40 فیصد اضافہ سے سیمنٹ کی مقامی فروخت کا حجم 39.965 ملین ٹن کے مقابلہ میں 48.119 ملین ٹن تک بڑھ گیا۔
دوسری جانب مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں مالی سال 2020-21ء کے دوران سیمنٹ انڈسٹری کی برآمدات میں بھی 18.69 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال 2019-20ء کے دوران 7.847 ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا تھا تاہم گزشتہ مالی سال 2020-21ء میں سیمنٹ کی قومی برآمدات کا حجم 1.494 ملین ٹن یعنی 18.69 فیصد اضافہ سے 9.314 ملین تک پہنچ گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جون 2020ء کے مقابلہ میں جون 2021ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 12.73 فیصد جبکہ مقامی فروخت میں 21.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔