اسلام آباد: یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
عمر لودھی کے استعفیٰ کے بارے میں میڈیا میں خبریں زیرگردش تھیں جس کے بعد وضاحتی بیان میں ترجمان یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے کہا ہے کہ عمر لودھی نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے عہدے سے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
مینجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن پر مالی بے ضابطگیوں کا الزام
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن خسارے سے نکل کر سب سے بڑا ٹیکس ادا کرنے والا ادارہ بن گیا
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمر لودھی گزشتہ دو سالوں سے زائد عرصہ تک ایم ڈی کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں اور حال ہی انہیں مزید تین سالوں کے لئے دوبارہ ایم ڈی تعینات کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق اس دوران عمر لودھی نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو خسارے سے نکال کر خود انحصاری کی جانب گامزن کیا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ خدمات کی فراہمی کا جو کلچر عمر لودھی نے شروع کیا وہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ 17 جنوری 2021ء کو یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) حمود الرحمان نے مینجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی پر مالی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے چئیرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے درخواست کی تھی کہ معاملے کی غیرجانبدار انکوائری کرائی جائے۔
ذرائع کے مطابق چیف فنانشل آفیسر حمود الرحمان نے چئیرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’مینجنگ ڈائریکٹر مالی بے قاعدگیوں اور غیرقانونی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔‘
سی ایف او نے مینجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی سٹورز پر ڈیوٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹویوٹا فارچونر اور کرولا سمیت تین گاڑیاں استعمال کرنے، 95 ہزار روپے اور پرسنل فیول کارڈ لینے کے باوجود تمام گاڑیوں سے فیول نکالنے کا الزام بھی لگایا تھا۔