اسلام آباد: سروس انڈسٹڑیز لمیٹڈ کی خالص آمدن سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں 1029 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مالیاتی نتائج کے مطابق رواں سال میں جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران سروس انڈسٹریز کو 15 کروڑ 80 لاکھ روپے بعد از ٹیکس آمدن ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال میں جنوری تا مارچ 2020ء کے لئے کمپنی کی خالص آمدنی ایک کروڑ 40 لاکھ روپے رہی تھی۔
اس طرح گزشتہ سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال 2021ء کے ابتدائی تین ماہ کے دوران سروس انڈسٹریز کی خالص آمدنی میں 14 کروڑ 40 لاکھ روپے یعنی 1028.57 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کمپنی کی قبل از ٹیکس آمدنی میں 78.03 فیصد اضافہ سے قبل از ٹیکس آمدن 13 کروڑ 20 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 23 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔
مالیاتی رپورٹ کے مطابق خالص منافع میں نمایاں اضافہ کے باعث کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 0.59 روپے کے مقابلہ میں 6.71 روپے فی حصص تک بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت کمپنی کا نیٹ ریونیو 50.18 فیصد اضافہ سے 4 ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 6 ارب 94 کروڑ 60 لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ عمومی منافع بھی 10.40 فیصد اضافہ سے ایک ارب 10 کروڑ 60 لاکھ روپے کے مقابلہ میں ایک ارب 22 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔