واشنگٹن: سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ فیس بک سوشل کامرس کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مقبول ویب سائٹس میں سے ایک بن گئی۔
رواں سال کے اختتام تک فیس بک کے ذریعے امریکہ میں 36 ارب ڈالر مالیت کا آن لائن کاروبار متوقع ہے۔
ایک ریسرچ فرم کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے اختتام تک تقریباً پانچ کروڑ 60 لاکھ امریکی شہری فیس بک کے ذریعے کم از کم ایک بار خریداری کریں گے جس سے فیس بک کو 22.3 فیصد شیئر ملے گا۔
اس کے علاوہ انسٹاگرام، فیس بک کی ذیلی کمپنی، کے ذریعے تین کروڑ 20 لاکھ افراد خریداری کریں گے جس میں سے فیس بک کو 12.9 فیصد حصہ ملے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے رواں سال امریکہ میں سوشل کامرس کا حجم 35.8 فیصد اضافہ سے 36.62 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا جو گزشتہ برس کورونا وبا کے باعث 39 فصد کم ہوئی تھی۔
مجموعی طور پر تقریبا 90 ملین امریکی سوشل کامرس سے استفادہ کریں گے جو کہ 2024ء تک امریکہ کی کل فروخت کا تقریباََ پانچ فیصد حصہ ہو گا۔
سوشل کامرس کیا ہے؟
یہ رپورٹ مصنوعات یا خدمات کی براہ راست فروخت پر مبنی ہے۔ فیس بک، انسٹاگرام، پن ٹرسٹ، ٹِک ٹاِک، وی چیٹ اور دیگر سماجی پلیٹ فارمز سے ریٹیلرز کے لنک شیئر کئے جاتے ہیں جسے اوپن کرنے سے صارف کو مطلوبہ پراڈکٹ تک رسائی مل جاتی ہے۔
اس کے علاوہ مختلف برانڈز اور کمپنیاں اپنی پروڈکٹس کی آن لائن فروخت کیلئے جہاں اپنی ویب سائٹ اور ایپس کا سہارا لیتی ہیں وہاں کروڑوں اربوں صارفین رکھنے والے فیس بک، انسٹاگرام سمیت سماجی پلیٹ فارمز سے بھی استفادہ کرتی ہیں۔