دبئی، جبل علی بندرگاہ پر دھماکا کیسے ہوا؟

774

دبئی: دبئی کی بندرگاہ جبل علی میں لنگر انداز ایک کنٹینر جہاز میں بدھ کی رات گئے ایک زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ساحل کے قریب عمارتیں لرز اٹھیں اور متعدد عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے اٹھنے والی آگ کو میلوں دور سے دیکھا گیا۔

اردو نیوز کو دبئی کے رہائشیوں نے بتایا کہ ’ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی اور گھروں کی کھڑکیاں لرزتی ہوئی محسوس ہوئیں۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں جس میں جبل علی پورٹ کے قریب دھماکے کے بعد آگ کے شعلے نظر آ رہے ہیں۔

دبئی مرینا کے علاقے میں رہائش پذیر کم از کم چار افراد نے دھماکے کی آواز سنی اور بتایا کہ ’دھماکے سے ان کے گھر کی کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے اور شیشے ٹوٹ گئے۔‘
مرینا  کے ایک اور رہائشی نے بتایا کہ اس نے عمارتوں کی کھڑکیوں کو لرزتے ہوئے دیکھا۔ ’پندرہ برس سے یہاں رہ رہا ہوں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے جب میں نے ایسا دیکھا اور سنا ہے۔‘

ادھر فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میڈیا آفس نے جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ دبئی کی جبل علی پورٹ پربحری جہاز کے کنٹینر میں دھماکے سے لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دبئی پولیس نے بتایا کہ جہاز پر موجود 130 کنٹینرز میں سے 3 کنٹینرز میں آتش گیر مواد موجود تھا۔ جہاز میں عملے کے 14 افراد بھی موجود تھے۔

حادثے کے بعد بندرگاہ حکام نے کہا ہے کہ وہ بغیر کسی مداخلت کے بندرگاہ میں جہازوں کی معمول کی آمدورفت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here