کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں 12.05 فیصد، درآمدات میں 42.70 فیصد اضافہ

جولائی 2020ء سے مئی 2021ء تک کینیڈا کو پاکستانی برآمدات سے ملک کو 28 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل جبکہ اسی مدت میں درآمدات پر 43 کروڑ 98 لاکھ 30 ہزار ڈالر خرچ کیے گئے، سٹیٹ بینک

685

اسلام آباد: پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مالی سال کے 11 ماہ میں کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں 12.05 فیصد جبکہ کینیڈا سے درآمدات میں 42.70 فیصد کی شرح سے بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء کے دوران کینیڈا کو پاکستان کی برآمدات سے ملک کو 28 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

یہ شرح پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے مقابلہ میں 12.05 فیصد زیادہ ہے، جولائی 2019ء سے لے کر مئی 2020 کی مدت میں کینیڈا کو برآمدات سے پاکستان کو 25 کروڑ 3 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مئی 2021ء میں کینیڈا کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو کروڑ 66 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مئی 2020ء کے ایک کروڑ 91 لاکھ 20 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 39.22 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ میں کینیڈا سے درآمدات میں 42.70 فیصد اضافہ ہوا، جولائی 2020ء سے مئی 2021ء تک کینیڈا سے درآمدات کا حجم 43 کروڑ 98 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ پیوستہ مالی سال کی اسی مدت میں 30 کروڑ 82 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اسی طرح مئی 2021ء میں کینیڈا سے درآمدات پر چار کروڑ 14 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ مئی 2020ء میں کینیڈا سے تین کروڑ 25 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here