‘پاکستان سٹاک ایکسچینج کا پشاور دفتر آئندہ ماہ سے فعال ہو جائے گا’

خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ، نئی کمپنیوں کو راغب کرنے اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے کے لیے محکمہ خزانہ اور سٹاک ایکسچینج سمیت دیگر محکموں کے عہدیداروں پر مشتمل کور کمیٹی تشکیل دے دی گئی

785

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول فراہم کر رہی ہے اور سرمایہ کاروں کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دفتر پشاور میں قائم کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار تیمور سلیم خان جھگڑا نے پاکستان سٹاک ایکس چینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ خان کے ساتھ وڈیو لنک اجلاس میں کیا، اس موقع پر پی ایس ایکس اور محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے کے لیے ایک کور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ کی چیئرمین شپ میں قائم یہ کور کمیٹی پاکستان سٹاک ایکسچینج اور محکمہ خزانہ سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ہے۔

اجلاس میں کمیٹی کے امور پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف بزنس چیمبرز خصوصاََ خواتین چیمبرز اور یونیورسٹیز میں آگہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

خیبرپختونخوا: ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے 14 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص

خیبر پختونخوا حکومت کا وفاق کو بجلی بیچنے کی بجائے صنعتوں کو فراہم کرنے کا فیصلہ

اس موقع پر پی ایس ایکس کے پشاور میں دفتر کو جلد فعال کرنے، بزنس کمیونٹی کو آن بورڈ لینے اور کراچی اور خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاروں میں باہمی رابطے استوار کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ ماہ سے پشاور میں پاکستان سٹاک ایکسچنج کا دفتر فعال ہو جائے گا۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں جبکہ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں حکومت سرمایہ کاروں کو نئے مواقع اور سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کو پشاور لائیں گے جبکہ یہاں کہ سرمایہ کاروں کی کراچی کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ رائونڈ ٹیبل کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان اسٹاک یکس چینج کے سی ای او فرخ خان کی جانب سے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کو کراچی آنے اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملنے کی دعوت بھی دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here