نئی توانائی پالیسی سے متعلق تمام وزارتوں و ڈویژنز کو دو ہفتوں میں کام مکمل کرنے کی ہدایت

537

اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتیں اور ڈویژنز دو ہفتوں میں کام مکمل کریں تاکہ نئی توانائی پالیسی سے متعلق حتمی فیصلہ لیا جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پٹرولیم ڈویژن نے ایل پی جی سپلائی چین کے لئے سفارشات پیش کرنے کیلئے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے تحت کابینہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کی حتمی رپورٹ پیش کی۔

کمیٹی برائے توانائی کو بتایا گیا کہ سفارشات کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت کی گئی ہے۔

کابینہ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اور ڈویژن دو ہفتوں میں کام مکمل کریں تاکہ پالیسی سے متعلق حتمی فیصلہ لیا جاسکے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ مسابقتی مارکیٹ تیار کرنا پالیسی کا مقصد ہونا چاہئے۔

اجلاس میں نارتھ ساﺅتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، شرکاء کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کو اَب پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ (پی ایس جی پی) کہا جاتا ہے۔

کمیٹی کو منصوبے پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا جس پر کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو پہلے سے طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق یقینی بنانے کے لئے اقدامات کو مزید تیز کرے۔

کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ اس سلسلے میں رہنما اصول پہلے ہی ایکنک کے فیصلوں کے تحت وضع کر دیئے گئے ہیں جن پر عمل کیا جانا چاہئے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، علی زیدی، اعظم سواتی، شیخ رشید، شبلی فراز کے کے علاوہ توانائی، پیٹرولیم اور ریونیو سے متعلق وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیر برائے تجارت رزاق دائود نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here