سروسز ہوٹل کی نجکاری کے ضمن میں نظرثانی شدہ قیمت کی مشروط منظوری

وزیر خزانہ کی ماڑی پٹرولیم کمپنی میں سرکاری شئیرز کی نجکاری کیلئے آئندہ اجلاس میں تجاویز پیش کرنے اور پیکو کو نجکاری فہرست سے نکالنے کیلئے ذیلی کمیٹی کے قیام کی ہدایت

658

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے سروسز ہوٹل کی نجکاری کے ضمن میں نظرثانی شدہ قیمت کی مشروط منظوری دے دی۔

کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ میں حکومت پاکستان کے شئیرز کی نجکاری کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیلی جائزہ کے بعد وزیر خزانہ نے نجکاری کمیشن اور وزارت پٹرولیم کو آج کی بات چیت کی روشنی میں آئندہ اجلاس میں جامع تجاویز اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

کمیٹی کے اجلاس میں سروسز ہوٹل کی نجکاری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد نظرثانی شدہ قیمت کی منظوری دی گئی تاہم یہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہو گی۔

اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کمپنی (پیکو) کو نجکاری کی فعال فہرست سے نکالنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے اس ضمن میں نجکاری کمیشن، لاء ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، صنعت و پیداوار ڈویژن، وزارت خزانہ اور ایس ای سی پی کے نمائندوں پر مشتمل ذیلی کمیٹی کے قیام کی ہدایت کر دی جو تجویز کا جائزہ لے کر اس ضمن میں سفارشات مرتب کرے گی۔

نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء محمد میاں سومرو اور خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی پٹرولیم تابش گوہر، نجکاری کمیشن ، پٹرولیم ڈویژن، صنعت و پیداوار کے سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here