راولپنڈی: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے یکم جولائی 2021ء سے صوبہ بھر میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بائیو میٹرک ٹرانسفر لازمی قرار دے دی۔
محکمہ ایکسائز پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ گاڑی مالکان کسی بھی مشکل سے بچنے کے لیے 30 جون 2021ء تک سابق نظام کے تحت اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں اپنے نام منتقل کروائیں۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ 30 جون تک ٹوکن ٹیکس ادائیگی پر جرمانے میں 100 فیصد رعائت سے استفادہ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والوں کے خلاف بھی یکم جولائی سے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی چھوٹی گاڑیوں پر لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس ختم کرنے کی سفارش
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے لیے خصوصی رعائت کا اعلان کیا گیا اور جرمانہ مکمل معاف کر دیا گیا تاہم یہ سہولت 30 جون تک میسر ہے، نادہندگان بذریعہ ای پے ٹیکس ادائیگی پر 5 فیصد اضافی رعائت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم، انہوں نے کہا کہ 30 جون کے بعد ٹوکن ٹیکس نادہندگان کی گاڑیوں کی بندش، بھاری جرمانے، چالان اور رجسٹریشن منسوخی کے ساتھ ساتھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ زحمت سے بچنے کے لیے شہری اِس سہولت سے فوری استفادہ کریں اور اپنے ذمہ واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔