طارق ملک چیئرمین نادرا تعینات، ’20 ہزار ڈالر تنخواہ کی خبر بے بنیاد ہے‘

1071

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے محمد طارق ملک کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

سوموار کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق طارق ملک کو نادرا آرڈیننس 2001ء کی دفعہ 3 (3 ) کے تحت چیئرمین کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی تین سال کی مدت کے لئے کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ نوٹی فکیشن فوری طورپر نافذ العمل ہو گا، چیئرمین نادرا کے تقرر کے قواعد و ضوابط اور مراعات کا تعین الگ سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وضاحت کی ہے کہ طارق ملک کی بطور چیئرمین نادرا 20 ہزار ڈالر تنخواہ کی سمری کے حوالہ سے خبر بے بنیاد ہے۔

ترجمان نادرا کی طرف سے جاری بیان کے مطابق طارق ملک کی 20 ہزار ڈالر تنخواہ کی سمری کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

طارق ملک اس سے قبل 2012ء میں بھی بطور چیئرمین نادرا خدمات سر انجام دے چکے ہیں، اس دوران انہوں نے سمارٹ شناختی کارڈ کا نظام متعارف کرایا تھا اور 2013ء میں حکومت نے انہیں ٹیکنالوجی کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔

اس سے قبل طارق ملک بطور چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر برائے اقوام متحدہ 130 سے زائد ممالک کی حکومتی کارکردگی کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنانے پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ 2009ء میں انہیں اٹلی میں منعقدہ انٹرنیشنل آئی ٹی کانفرنس میں آئوٹ اسٹینڈنگ اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

2016ء میں امریکی اور یورپی تھنک ٹینک نے طارق ملک کو دنیا کے 100 بااثر ترین آئی ٹی ماہرین میں نامزد کیا۔ گزشتہ تین برسوں سے طارق ملک کو ورلڈ آئیڈنٹیٹی نیٹ ورک کے 100 بااثر ترین شخصیات میں مسلسل تیسری بار شامل کیا گیا ہے۔

طارق ملک نے ہائیڈل برگ جرمنی سے انٹرنیشنل مینجمنٹ اور قائداعظم یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنسز میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، وہ جان ایف کینیڈی سکول آف گورنمنٹ، ہارورڈ یونیورسٹی اور سٹینفورڈ یونیورسٹی سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here