ای سی سی نے احساس کفالت کے ماہانہ مشاہرہ میں اضافہ کی منظوری دے دی

اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کیلئے 31 کروڑ 70 لاکھ، وزارت ہائوسنگ کیلئے 4 کروڑ 30 لاکھ، وزارت اطلاعات کیلئے ایک کروڑ 76 لاکھ، وزارت داخلہ کیلئے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی

608
APP28-10

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یکم جنوری 2022ء سے احساس کفالت پروگرام کے تحت ماہانہ مشاہرہ میں 166 روپے اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس سوموار کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی انڈیکسیشن پالیسی برائے کیش ٹرانسفر کی منظوری دی گئی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے احساس کفالت سے مستفید ہونے والے افراد کو کیش ٹرانسفر کے فوائد منتقل کرنے کیلئے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی اجازت دی گئی۔

اس اقدام سے مستفید ہونے والوں کو اضافی 166 روپے ماہانہ کا فائدہ ہو گا، جو طریقہ کار وضع کیا جائے گا اس میں ایک کمیٹی شامل ہو گی، سیکرٹری خزانہ کمیٹی کی صدارت کریں گے، کمیٹی کے دیگرممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن، وزارت خزانہ کے اقتصادی مشیر اور ایک ممبر منتخب کیا جائے گا جو آزادانہ تکنیکی ایڈوائس دے گا۔

کمیٹی تین سالوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے باقاعدہ کیش فوائد جیسے احساس کفالت پروگرام پر افراط زر کی وجوہات کے حوالہ سے اَپ ڈیٹ و ایڈجسٹمنٹ کے حوالہ سے سفارشارت اور تجاویز دے گی اور دیگر پروگراموں کے کیش ٹرانسفر کے حوالے سے بھی سفارشات تیار اور منظور کرانے کی مجاز ہو گی۔

اجلاس میں وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے تین منصوبوں کیلئے اضافی فنڈز کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے ساڑھے سات کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ وزارت ہاوسنگ کیلئے چار کروڑ 30 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں اطلاعات و نشریات کو تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ایک کروڑ 76 لاکھ 33 ہزار روپے کے فنڈز کی دوبارہ تخصیص کی اجازت دی گئی جبکہ وزارت داخلہ کیلئے تین کروڑ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزارت نارکوٹکس کنٹرول کیلئے 50 لاکھ روپے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کیلئے 31 کروڑ 70 لاکھ روپے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے پانچ کروڑ 40 لاکھ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کے نان گزیٹڈ ملازمین کی ایماء پر وزارت خزانہ کے گروپ انشورنس فنڈ میں کنٹری بیوشن رقم کی مد تین ارب 36 کروڑ 96 لاکھ روپے کے بقایا جات کی منظوری بھی دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here