سٹیٹ بینک اور جاز کیش کا نوجوانوں میں مالیاتی خواندگی بڑھانے کے لیے اشتراک

754

کراچی: بینک دولت پاکستان کے ذیلی ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس (نباف) اور ملک کی سرفہرست فن ٹیک کمپنی جاز کیش نے نوجوانوں کی مالی خواندگی بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔

مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا مقصد نوجوانوں کی مالی خواندگی کے قومی پروگرام (NFLP-Y) کے لیے سٹیٹ بینک کے پروجیکٹ کے تحت تیار کی  گئی دلچسپ اور معلوماتی گیم پوم پاک (PomPak) کے ذریعے مالی خواندگی کو مشترکہ طور پر فروغ دینا ہے۔

پوم پاک میں کہانی پر مبنی بیانیہ استعمال کرتے ہوئے دو ایسے خاندانوں کا سفر دکھایا گیا ہے جو ایک چھوٹا کاروباری منصوبہ بناتے ہیں۔ اس سے کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے ساتھ اخلاقی رویے، بجٹ بنانے، بچت اور بینکاری جیسی مالی صلاحیتوں کی تعلیم دینے میں مدد ملتی ہے۔

پوم پاک عمر کے تین گروپوں کے لیے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے، جن میں بچے (9 تا 12 سال)، نوعمر افراد (13 تا 17 سال) اور جوان (18 تا 29 سال) شامل ہیں، جو شخص بھی یہ کورس مکمل کرتا ہے اسے نباف اور این ایف ایل پی وائے مشترکہ طور پر مالی خواندگی کا ایک سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہیں۔ یہ گیم ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر کھیلی جا سکتی ہے یا اسے گوگل پلے سٹور اور دیگر آلات کے ایپ سٹور سے ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

حالیہ شراکت داری کے تحت جاز کیش اپنے پلیٹ فارم پر پوم پاک ایپلی کیشن کی پروموشن کے ذریعے سٹیٹ بینک کو 26 ملین سے زائد پاکستانیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔ اس طرح یہ ایپلی کیشن عوام کی بڑی تعداد کو دستیاب ہو گی اور اس کا استعمال بڑھنے سے قوم کی مالی خواندگی کو فروغ ملے گا جس کے بہت مثبت سماجی اور معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔

نباف کے مینجنگ ڈائریکٹر ریاض نذر علی چنارا نے مالی شمولیت کے فروغ کے لیے مالی خواندگی میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مالی خواندگی کے حوالے سے پاکستان کے پہلے ای لرننگ گیم پوم پاک نے مالیاتی تعلیم کی فراہمی کے طریقے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوم پاک نے اپنے آغاز سے اب تک جو کامیابی حاصل کی، اس پر نباف کو حقیقتاََ فخر ہے اور جاز کیش کے ساتھ شراکت داری ہر خاص و عام کو مالی تعلیم کی فراہمی کے ہمارے عزم میں خاصا اہم کردار ادا کرے گی۔

جاز کیش کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارون گیلیبارٹ نے مفاہمت کی یادداشت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جاز کیش کے ذریعے مالی سہولتوں اور تعلیم کے حصول کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ بیک وقت مضبوط کاروبار اور بہتر پاکستان کی تعمیر جاز کیش کی کامیابی کے طویل مدتی ثمرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ مذکورہ اہداف کے حصول میں اپنا کردار ادا کرے گا کیونکہ ہم پاکستان کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے خواہاں ہیں۔

سٹیٹ بینک کی رہنمائی میں نباف نوجوانوں کے لیے مالی خواندگی کے قومی پروگرام پر عمل درآمد کر رہا ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں اور سکول میں پڑھنے والے بچوں کو بنیادی مالیاتی تعلیم دی جا سکے۔ گزشتہ تین برسوں میں یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ پاکستان کے 45 اضلاع تک پھیل چکا ہے جس سے اس زمرے میں 7 لاکھ 50 ہزار افراد استفادہ کر چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here