مہنگائی میں مزید اضافہ، ایک ہفتے میں 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

596

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دوران ہفتہ 9 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے افراط زر کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 17 جون 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ تک ملک میں 9 ضروری اشیاء کے نرخوں میں کمی، 21 کی قیمتوں میں اضافہ اور 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ہفتہ رفتہ میں کیلے کی قیمت میں 7.75 فیصد، دال مونگ 1.85 فیصد، دال ماش 1.26 فیصد، دال چنا 1.19 فیصد، سرسوں کا تیل 0.38 فیصد، انڈے 0.36 فیصد، ایل پی جی 0.29 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 14.76 فیصد، چکن 6.28 فیصد، لہسن 4.72 فیصد، آلو 2.01 فیصد، پیٹرول 1.89 فیصد، ڈیزل 1.60 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 1.08 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.18 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کے لیے مہنگائی میں 0.22 فیصد، 28 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدن والے گروپ کے لیے 0.23 فیصد فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدن والے گروپ کے لیے 0.25 فیصد اور 44 ہزار 176 سے زائد ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 0.32 فیصد کی شرح سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here