لاہور: حکومت کو ٹریژری بلز کی نیلامی کے ذریعے 1.096 کھرب روپے اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) کے ذریعے 70 ارب روپے آمدن ہوئی۔
تاہم تمام مدت کے ٹی بلز پر کٹ آف ییلڈز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کو تین ماہ کی مدت کے ٹی بلز کے عوض 749 ارب روپے میں سے 7.32 فیصد شرح سے 388.7 ارب روپے آمدن ہوئی۔
سب سے زیادہ 6 ماہ کی مدت کے ٹی بلز کے لیے 7.6 فیصد کی شرح کے حساب سے 707.6 ارب روپے آمدن ہوئی۔
مذکورہ مدت کے لیے 1.113 کھرب روپے کی بولیاں سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کاروں کو آئندہ چھ ماہ کے دوران شرح سود میں معمولی تبدیلی کے امکان کا یقین تھا۔
سب سے کم آمدن ایک سال کی مدت کے ٹی بلز سے 7.67 فیصد کی شرح سے 25 ملین روپے ہوئی۔ تمام مدت کے ٹی بلز کے لیے مجموعی طور پر 1.905 کھرب روپے کی بولیاں لگائی گئیں۔