اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
وزرات خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2.13 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.79 روپے فی لٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.03 روپے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.89 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 110.69 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 112.55 روپے فی لٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح اضافے کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 79.68 روپے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81.89 روپے فی لٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر کہا ہے کہ دنیا میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جبکہ بھارت میں ایک ماہ میں 17 بار اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں پچھلے ڈھائی مہینوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
دنیا میں پٹرولیم کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہوا۔ہندوستان میں ایک ماہ میں 17 بار اضافہ ہوا-پاکستان میں پچھلے ڈھائی مہینوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں لگاتار اضافے کے سبب اوگرا نے قیمتوں میں 4 روپے تک اضافہ کی تجویز دی۔ وزیراعظم نے صرف 2 روپے اضافے کی منظوری دی pic.twitter.com/HoD3Bab7xX
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) June 15, 2021
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں لگاتار اضافے کے سبب اوگرا نے قیمتوں میں 4 روپے تک اضافہ کی تجویز دی تھی لیکن وزیراعظم نے صرف 2 روپے اضافے کی منظوری دی۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم سے کم بڑھایا جائے۔ اسی وجہ سے اوگرا کی تجویز نہیں مانی گئی اور قیمتوں میں آدھا اضافہ کیا گیا۔ اس وقت خطے میں پاکستان میں سب سے کم قیمت پر تیل دستیاب ہے۔ہندوستان میں پاکستان سے تقریباً دوگنی قیمت ہے۔یہی حال بنگلہ دیش کاہے۔