اسلام آباد: رواں مالی سال کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے اقتصادی جائزہ کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجنئیرنگ سروسز (آئی ٹی ای ایس) کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
اقتصادی جائزہ کے مطابق اس شعبہ میں سالانہ شرح نمو دیگر تمام صنعتوں سے زیادہ رہی جو 18.85 فیصد ریکارڈ کی گئی، یہ شرح نمو جنوبی ایشیا میں بھی سب سے زیادہ ہے۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق مائیکرو انٹرپرائزز، خودمختار کنسلٹنٹ اور فری لانسرز سمیت آئی ٹی کی برآمدات میں ایک اندازہ کے مطابق 50 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: فون کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس سروس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ کی گئیں تھیں جبکہ رواں مالی سال جولائی تا فروری کے دوران آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات زر کی شرح نمو 41.39 سے بڑھ کر ایک ارب 29 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسی طرح آئی ٹی ای ایس کی برآمدی ترسیلات زر میں کمپیوٹر سروسز اور کال سنٹر سروسز پر مشتمل ترسیلات زر رواں سال جولائی سے فروری کے دوران 41.65 فیصد اضافہ کے ساتھ ایک ارب 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ 78 کروڑ 56 لاکھ 86 ہزار ڈالر تھیں۔
اقتصادی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 30 مارچ 2021ء تک پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) میں رجسٹرڈ آئی ٹی کمپنیوں کی تعداد تین ہزار 13 تک پہنچ چکی ہے جبکہ مارچ 2020ء میں یہ تعداد 2 ہزار 484 تھی۔ اس سلسلہ میں شرح نمو میں 21 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔