11 ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 27 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا

1068

لاہور: مالی سال 2021ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے 21.05 ارب ڈالر کے مقابلے میں 27.49 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ 

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2021 کے 3.041 ارب ڈالر کے تجارتی خسارہ کےمقابلے میں مئی 2021 میں تجارتی خسارہ 19.86 فیصد اضافے سے 3.645 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

مئی 2020ء کے 1.461 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں خسارہ 149.49 فیصد زیادہ ہے۔ اپریل 2021ء میں  2.219 ارب ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں یہ 25.46 فیصد کمی سے 1.654 ارب ڈالر رہیں۔

تاہم مئی 2020 کے مقابلے میں برآمدات 18.48 فیصد بڑھیں۔ مئی 2021ء میں درآمدات 0.74 فیصد اضافے سے 5.299 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ اپریل 2021ء میں درآمدات کا حجم 5.26 ارب ڈالر تھا۔

اسی طرح مئی 2020ء کے مقابلے میں درآمدات میں 85.47 فیصد اضافہ ہوا۔

مجموعی طور پر 11 ماہ کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کی 19.795 ارب ڈالر کے مقابلے میں 22.56 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس سے برآمدات 13.97 فیصد کمی ظاہر ہوئی ہے۔

اسی طرح اسی مدت کے دوران درآمدات میں 22.52 فیصد کا اضافہ ہوا جو سال 2020ء کے 11 ماہ کے 40.849 ارب ڈالر کے مقابلے میں 50.048 ارب ڈالر تک جاپہنچیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here