سعودی عرب کا مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے 901 ملین ریال کی مالی معاونت کا اعلان

941

اسلام آباد: سعودی عرب مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے 90 کروڑ 10 لاکھ ریال (37 ارب 41 کروڑ روپے) کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔

گزشتہ روز پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے مہمند ہائیڈرو پاور ڈیم کے لئے 90 کروڑ 10 لاکھ ریال کی منظوری دی ہے، سعودی ترقیاتی فنڈ یہ مالی معاونت 25 سال کی مدت کیلئے دو فیصد کی انتہائی کم شرح پر فراہم کرے گا۔

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے ملکی ترقی اورخوشحالی کے اہم منصوبہ کیلئے سعودی مالی معاونت کو سراہا، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں قابل تجدید، ماحول دوست اور سستی توانائی بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست اور برادر ملک ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات اور دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ملاقات میں فریقین نے باہمی تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here